275

بلاول کے ترجمان کی ضمانت منظور

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت کی جانب سے مصطفیٰ نواز کھوکھر اور شکیل عباسی کی ضمانت 5،5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظورکی گئی ہے۔

سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر اور شکیل عباسی ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر کی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں پولیس نے مصطفیٰ نواز کھوکھر کی ضمانت منسوخ کرنے کی استدعا کی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے عدالت سے آج تک کی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے مصطفیٰ نواز کھوکھر اور شکیل عباسی کی ضمانت پانچ لاکھ روپے فی کس کے عوض منظور کرلی۔

پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کے خلاف بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر پولیس سے تصادم کا مقدمہ درج ہے۔

واضح رہے کہ 20 مارچ کو نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں سابق صدرآصف علی زرداری اور ان کے صاحبزادے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پیشی کےموقع پر بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر پولیس سے الجھ پڑے تھے۔

اس روز نیب آفس کے باہر تصادم میں 9 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ 38 پی پی کارکن گرفتار ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں