صدرمملکت آصف زرداری سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات

صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ملاقات کی جس میں علاقائی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جو پاکستان کے دورے پر ہیں انہوں نے آج ایوان صدر میں صدر مملکت آصف زرداری سے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک میں مضبوط  شراکت داری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ اہمیت کے امور،امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی بات چیت کی گئی۔

صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں۔ ان تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی، اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتے ہیں۔ پاکستانی حکومت اور عوام خادمین حرمین شریفین کیلیے احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے سعودی ولی عہد کی قیادت اور وژن 2030 کی قابل ذکر پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے اور پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

اس موقع پر صدر زرداری نے خادمین حرمین شریفین کیلیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلیے پُر عزم ہیں اور دونوں ممالک کئی دہائیوں سے ایک دوسرے کی مدد کرتے آئے ہیں۔

انہوں نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ کے 6 ججز کو مستقل کرنے کی سفارش

قائم مقام چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ، سندھ ہائیکورٹ کے 6 ججز کو مستقل کرنے کی سفارش